اسلام آباد(صباح نیوز) ترکیہ کے سفیر عرفان نزیراوغلو نے کامسٹیک ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا دورے کے دوان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیاگیا۔پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نزیراوغلو نے جمعرات کے روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک)کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں ترکیہ اور کامسٹیک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں راہنماوں نے تکنیکی تعاون، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کئی اہم تجاویز پیش کیں جن میں رواں سال اسلام آباد میں ترکیہ پاکستان ریکٹرز فورم کا انعقاد ہے جو ترک سفارت خانے اور کامسٹیک کے مشترکہ اشتراک سے منعقد ہوگا۔ اس فورم میں ترکیہ اور پاکستان کی جامعات کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز شرکت کریں گے، جس سے تعلیمی و تحقیقی اشتراک کو فروغ ملے گا۔
مزید برآں، پروفیسرمحمد اقبال چوہدری نے کامسٹیک کی جانب سے فلسطینی طلبہ کے لیے 5,000 وظائف کے حالیہ اقدام پر روشنی ڈالی اور تجویز دی کہ ترکیہ ان طلبہ کو اپنی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے۔ اس مقصد کے لیے کامسٹیک اور ترک سفارت خانہ مل کر کام کریں گے۔ایک اور اہم تجویز او آء سی ٹیکنو-فیسٹیول کے انعقاد کی تھی جو ترکیہ میں منعقد ہوگا۔ اس فیسٹیول میں او آئی سی کے رکن ممالک کے نمایاں ٹیکنالوجی پارکس شرکت کریں گے، جس سے جدید سائنسی ترقی اور تعاون کو فروغ ملے گا۔ ترکیہ کے سفیر عرفان نزیراوغلو نے کامسٹیک کی سائنسی و تکنیکی تعاون میں خدمات کو سراہا اور پروفیسر چوہدری کی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترک سفارت خانہ ان منصوبوں کی تکمیل میں بھرپور تعاون کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں تکنیکی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور ترکیہ کامسٹیک کے ساتھ اپنی شراکت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات میں دونوں جانب سے اعلی حکام بھی شریک تھے۔