کراچی (صباح نیوز)سندھ کابینہ نے زرعی آمدنی ٹیکس بل 2025 کی منظوری دے دی ، جو جنوری 2025 سے نافذ ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ قدرتی آفات کی صورت میں ایگریکلچر انکم ٹیکس میں ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر آباد اراضی کو چھپایا گیا تو اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ایگریکلچر انکم ٹیکس کے حوالے سے مختلف شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔ چھوٹی کمپنیوں پر 20 فیصد جبکہ بڑی کمپنیوں پر 28 فیصد ٹیکس لگے گا۔ 150 ملین روپے تک زرعی آمدنی حاصل کرنے والے افراد اس ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
جبکہ زرعی آمدنی 150 ملین روپے سے 200 ملین روپے تک ہونے پر 1 فیصد، 200 ملین روپے سے 250 ملین روپے تک 2 فیصد، 250 ملین روپے سے 300 ملین روپے تک 3 فیصد، 300 ملین روپے سے 350 ملین روپے تک 4 فیصد، 350 ملین روپے سے 400 ملین روپے تک 6 فیصد، 400 ملین روپے سے 500 ملین روپے تک 8 فیصد اور 500 ملین روپے سے زائد زرعی آمدنی پر 10 فیصد ایگریکلچر انکم ٹیکس عائد ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت سے بات کرنے سے پہلے سندھ کو اعتماد میں لینا ضروری تھا، اور وہ اس معاملے پر وفاقی حکومت سے دوبارہ بات کریں گے۔کابینہ کے اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ ایگریکلچر انکم ٹیکس کے نفاذ کے نتیجے میں سبزیوں اور دیگر اجناس کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، لیکن ملکی مفاد میں سندھ کابینہ نے زرعی ٹیکس کی منظوری دی ہے۔