اسلام آباد (صباح نیوز) صدرمملکت آصف علی زرداری نے لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ایک،ایک جج کی اسلام آباد ہائی کورٹ تبادلے کی منظوری دیدی، جس کے بعد وفاقی وزارت قانون وانصاد کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے تینوں ہائیکورٹس سے تین ججوں کی اسلام آباد ہائی کورٹ تبادلے کی منظوری پر وزارت قانون نے بھی مذکورہ ججوں کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 200کے تحت لاہور ہائی کورٹ سے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی اسلام آباد ہائی کورٹ تبادلے کی منظوری دے دی۔
اسی طرح سندھ ہائی کورٹ سے جسٹس خادم حسین سومرو اور بلوچستان ہائیکورٹ سے جسٹس محمد آصف کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ کردیا گیا ہے۔سیکرٹری وزارت قانون راجہ نعیم اکبر نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کو گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے ہیں۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 7ججوں نے اس سے قبل چیف جسٹس اور مذکورہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کو خط میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں باہر سے ججوں کی تعیناتی نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔خط پر پانچ ججز نے دستخط کئے تھے تاہم دو ججز نے دستخط نہیں کیئے تھے۔