قلات میں دہشت گردی کا واقعہ،ہرنائی میں آپریشن، 11 دہشت گرد مارے گئے ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی(صباح نیوز)قلات میں دہشت گردی کے گھناونے واقعے کے پس منظر میں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان بھر میں متعدد کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، ہرنائی میں11 دہشت گرد مارے گئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یکم فروری کو ضلع ہرنائی میں ایک آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔

قبل ازیں 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب، ضلع قلات کے علاقے منگچر میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر 23 دہشت گرد ہلاک کیے گئے،

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کلیئرنس آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک اس بزدلانہ کارروائی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان اور پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں