اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ جمعہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کامیاب کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لئے کارروائیاں کر رہی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کلاچی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف مختلف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان آپریشنز میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ،ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔