لاہور(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین سید محسن نقوی نے کہا کہ وعدے کے مطابق قذافی سٹیڈیم کی تعمیر کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جس کا افتتاح 7 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف کرینگے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ میرے سے زیادہ آپ لوگوں کے چکر یہاں پر لگے ، کوئی ایسا دن جس دن آپ نے سٹیڈیم کا چکر نہیں لگایا، اکتوبر میں باقاعدہ طور پر اس کی کنسٹرکشن شروع ہوئی 31 جنوری کا وعدہ تھا آج پورا سٹیڈیم آپ کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف کرینگے کے جبکہ 11فروری کو کراچی نیشنل سٹیڈیم کا افتتاح صدر مملکت آصف علی زرداری کرینگے۔محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ہم سب کیلئے اہم ایونٹ ہے، چیمپئنزٹرافی کی افتتاحی تقریب 16 فروری کو ہو گی، آئی سی سی کے تمام آفیشلزکوبھی مدعوکیا ہے ، چیمپئنزٹرافی میں آنیوالے مہمانوں کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باڈر پار بڑے لوگ ہیں جو ایک ایک پتھر کو بھی یہاں پہ نوٹ کر رہے ہیں مگر ان کو کوئی چیز نہیں ملے گی اب جو کرسیاں یہاں لگائی ہیں وہ چائنہ سے آئی ہیں اور 20 سال کی گارنٹی ہے۔چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت سمیت تمام کرکٹ بورڈزکوچیمپئنزٹرافی میں آنیکی دعوت دی ہے، کچھ لوگ افتتاحی تقریب میں آئیں گے،کچھ سیمی فائنل اورکچھ فائنل پرآئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دن رات محنت کررہے ہیں،سخت سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ٹیم کے انتخاب پر سلیکشن کمیٹی فیصلہ کریگی، سلیکشن کمیٹی پریقین ہے یہ اچھی ٹیم کاانتخاب کریگی، چیمپئنزٹرافی کیلئے آج قومی ٹیم کا اعلان ہوجائے گا، صائم ایوب کی طبیعت بہترہے، صائم ایوب کا پلستراتر چکا، جلد ری ہیب شروع کرے گا۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورد محسن نقوی نے خوشخبری سناتے ہوئے کہاہے کہ صائم ایوب کی طبیعت اب بہتر ہے اور ان کا پلاسٹر بھی اتر گیاہے ،محسن نقوی کا کہناتھا کہ صائم اوران کے ڈاکٹرز کے ساتھ رابطہ ہے، صائم کو ٹھیک ہونے میں 3سے 4 ہفتے کم از کم لگیں گے، امید ہے جلد صائم ٹیم میں واپس آئیگا۔ محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیار کیئے جانے والے سٹیڈیمز پر آنے والی لاگت سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ جو خرچہ ہوا ہے اس کو برابر کرنے میں وقت لگے گا، بہت سارے اور لوگوں کے خواب بھی ٹوٹے ہیں، ان کا خیال تھا اسٹیڈیمز کے لیے کام مکمل نہیں ہو گاا ور ایونٹ کہیں اور منتقل ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ 13ارب میں 3اسٹیڈیمز اور ہیڈآفس کی بلڈنگ بھی تھی ، پنڈی اسٹیڈیم کے اسٹرکچر میں مسائل آئے ہیں، اگلے 8سے 10ماہ میں پنڈی اسلام آبادمیں نیا برینڈ نیو اسٹیڈیم بنائیں گے، کرکٹ بوردآزادہے،حکومت سے کوئی پیسہ نہیں لیتا نہ گرانٹ لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کا اللہ بھلا کرے، باہر والی جگہ کو ری ڈیزائن کریں گے۔