ایف پی سی سی آئی اور اسلامک چیمبر کے زیراہتمام ٹورازم فورم کا انعقاد

کراچی (صباح نیوز)وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بتایا ہے کہ ایران کے صوبہ رضوی خراسان کے گورنر نے پاکستانی تاجر برادری کو دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور صوبہ خراسان کے ساتھ بالخصوص دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کی دعوت دی ہے۔ واضح رہے کہ ایف پی سی سی آئی اور اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (ICCD) نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے تعاون سے کراچی میں سسٹین ایبل(پائیدار) ٹوارزم فورم (STF) کا انعقاد کیاہے۔وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اس موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اسلامک چیمبر کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور عالمی سیاحت کے منظر نامے میں اپنا کرادار ادا کرتے ہوئے ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم کے طور پر سسٹین ایبل ٹوارزم فورم (STF) کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔

اس شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کی حمایت و دلچسپی حکومت کے لیے نہایت اہم ہے۔وزیر اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت، نجی شعبے اور ہمارے بین الاقوامی شراکت داروں کو پاکستان کو ایک اہم سیاحتی مقام بنانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے؛تاکہ، او آئی سی کی ٹوارزم مارکیٹ کی ترقی میں پاکستان اپنا حصہ ڈال سکے۔ایران کے صوبہ رضوی خراسان کے گورنر غلام حسین مظفری اس اہم تقریب کے گیسٹ آف آنر تھے اور انہوں نے اس موقع پر تاجر برادری اور پاکستانی عوام کو کاروباری، تجارتی، اقتصادی، مذہبی اور ثقافتی تبادلوں کو بڑھانے کی دعوت دی۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ سیاحت کی صنعت کو آگے بڑھانے اور اپنے ممالک کے روشن معاشی مستقبل کے لیے با ہمی تعاون کریں۔عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ سیاحت کا شعبہ کئی ایک متعلقہ صنعتوں کی بھی اسپورٹ کرتا ہے ا ورمعاشی پہیہ تیز و متحرک کرتا ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے واضح کیا کہ بہت سے ممالک کی معیشتیں عملی طور پر سیاحت کے فروغ اورسیاحتی سرگرمیوں کے ذریعے ہی تر قی کر رہی ہیں۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سیاحت او آئی سی کے کئی رکن ممالک کی معیشتوں کے لیے بھی ایک بنیادی ستون ہے۔ یہ غیر ملکی زرمبادلہ کمانے میں بڑا اہم کردار ادا کرتا ہے؛ وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے؛ غربت کے خاتمے اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ICCD کے سیکریٹری جنرل Yousef Khalawi نے ICCD کے سسٹین ایبل ٹوارزم فورم (STF) کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ اسلامی دنیا میں پائیدار سیاحت کے طریقوں کی حمایت اور ان کی ترقی کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت ہمیشہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم اور پر کشش شعبہ رہا ہے۔ Yousef Khalawiنے اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے ایک محرک کے طور پر سیاحت کی اہمیت پر زور دیا اور اس سلسلے میں اسلامی دنیا میں کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو آگے بڑھانے میں ایک بنیادی ستون کے طور پر پائیدار سیاحتی طریقوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ ہر ملک کواپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر مقامی کمیونٹیز میں عالمی معیارات اور بہترین سیاحتی سروسز کو نافذ کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی Hissein Brahim Taha نے کہا کہ ہمیں پائیدار سیاحتی طریقوں کو فروغ دینے پر توجہ دینی چاہیے؛ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانا چاہیے اورتمام طبقات کو ترقی کے عمل میں شامل کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ، اس تناظر میں عوامی اقدامات کی تکمیل کے لیے نجی شعبے کی فعال شمولیت بہت ضروری ہے اور پائیدار سیاحت کی ترقی کے لیے ایک جامع نقطہ نظر اپنانا ہو گا۔ سابق ترک وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات اور ڈائریکٹر جنرل برائے شماریاتی، اقتصادی و سماجی تحقیق اور تربیتی مرکز برائے اسلامی ممالک (SESRIC) Ms. Zehra Zmrt Seluk نے OIC کے رکن ممالک میں پائیدار سیاحت کو فروغ دینے میں نجی شعبے کے اہم کردار کی وضاحت کی۔