اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے تعاون سے ہی ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے،پولیو کیسز میں کمی انسداد پولیو مہم کے موثر ہونے کی سند ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں کوآرڈینیٹر وزارت صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیراعظم کو انسدادِ پولیو مہم کی اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے پولیو کیسز کی بروقت شناخت اور ان میں حالیہ کمی کے لیے تمام صوبوں کی انتظامیہ کی تعریف کی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ستمبر 2024 سے اب تک پولیو کیسز میں کمی انسداد پولیو مہم کے موثر ہونے کی سند ہے، پولیو کیسز میں منفی رجحان تمام صوبوں کی انتظامیہ کی انتھک محنت کی بدولت ممکن ہوا،وفاق اور صوبوں کے تعاون سے ہی ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تمام صوبوں میں انسداد پولیو مہم مکمل تحریک کے ساتھ جاری ہے، 2025 کے آغاز میں پولیو سے متاثرہ اضلاع خصوصا بلوچستان، سندھ اور جنوبی خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، آئی ٹی ڈیش بورڈ کے ذریعے پولیو مہم کے تمام پہلوئوں کی مستقل نگرانی کی جا رہی ہے ۔