قیام پاکستان کے بعد سول سروسز کا مثبت کردار ہماری تاریخ کا حصہ ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مجیب الرحمن شامی

لاہو ر( صبا ح نیوز) سول سروس میں بیورو کریسی کی اہمیت مسلمہ ہے گورننس کے جدید نظام میں بیورو کریٹس اور اہمیت اختیار کر گئے ہیں ان کے پاس جدید علوم ہیں لہٰذا وہ اپنی اس اہلیت کو پاکستان میں گورننس اور انصاف کی فراہمی کیلئے یقینی بنائیں اور قومی ترقی کے اہداف کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار سینئر صحافیوں تجزیہ نگار اور اینکر پرسن مجیب الرحمن شامی، سلمان غنی ، سلمان ملک، سدرہ ریاض نے سول سروس اکیڈمی میں فیلڈ میں آنے کے لئے تیار انتظامی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی ڈاکٹر فیصل ظہور، بابر علی شاہ اور اکیڈمی کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے انتظامی افسران کو ملکی تعمیرو ترقی کے عمل میں صحافت کے کردار سے آگاہی دیتے ہوئے سینئر صحافیوں کا کہنا تھا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے بامقصد صحافت کے ذریعے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے حوالہ سے اپنا کردار ادا کیا لیکن آج کے حالات میں سب کو سوشل میڈیا کے ضمن میں خبردار رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ ایک منظم انداز میں مذموم ایجنڈا کے تحت یہاں انتشار خلفشار پھیلایا جا رہا ہے جس کے حوالہ سے سب کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرٹ پر آنے والے ہمارے افسران کو آنے والے وقت میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو عوام کی خدمت قومی و عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے اور قوم و ملک کو آپ سے بہت سی توقعات ہیں انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سول سروسز کا مثبت کردار ہماری تاریخ کا حصہ ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ممتاز تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ صحافیوں کی طرح بیورو کریٹس کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی کارکردگی میں اضافہ کیلئے انہیں ایسی تجاویز دیں جس سے عام لوگوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں ،صحافت کا کام صرف تنقید نہیں بلکہ حکومتی اور انتظامی اداروں میں اصلاح کے لئے تجاویز بھی پیش کرنا ہے انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ ہمارے بیورو کریٹس کو حکومتوں کی بجائے آئین اور قانون کے تابع ہونا چاہئے اور اس بنا پر ذمہ داریوں کی ادائیگی سے سسٹم مضبوط بن سکتا ہے ملک آگے چل سکتا ہے قانون کی حاکمیت ہی پاکستان کو حقیقی مقاصد سے ہم آہنگ کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ آج کی بڑی ضرورت ملک کو معاشی خود انحصاری کی منزل پر لے جانا ہے جس کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کالم نگار سلمان ملک نے کہا کہ افسران کو صحافت سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں سب کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کا ادراک ہونا چاہئے بلیک میلنگ کے مرتکب عناصر کو صحافی قرار نہیں دیا جا سکتا، پاکستان کو ترقی و خوشحالی کے عمل سے ہمکنار کرنے میں صحافت کا کردار ہے اور پاکستان کے اہل صحافت ادا کرتے نظر آتے ہیں سول سروسز اکیڈمی کی جانب سے مہمانان کو خصوصی شیلڈز بھی دی گئیں ،

سول سروسز اکیڈمی میں نئے انتظامی افسران کو معاشرے میں صحافتی کردار اور خصوصاً اہم واقعات پر رپورٹنگ کے ضمن میں آگاہی کے حوالہ سے باقاعدہ مشق کرتے دکھائی گئیں اور نئے انتظامی افسران نے باقاعدہ پریس کانفرنس منعقد کر کے صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دیئے، مذکورہ مشق کا مقصد مستقبل میں انتظامی افسران کو اہم واقعات پر صحافت اور صحافیوں سے تعلقات کار اور رابطوں سے آگاہی تھا سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فیصل ظہور نے اپنی بریفنگ میں انتظامی افسران کی ٹریننگ کے عمل کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس مرتبہ ٹریننگ کے اس عمل میں گلگت بلتستان کے افسران بھی ٹریننگ میں شامل ہوئے اکیڈمی کے تربیتی عمل میں 240افسران شریک ہوئے۔