لنڈی کوتل(صباح نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹرروبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی پاکستان کا ایک سب سے بڑا سماجی تحفظ پروگرام ہے، جو محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نام سے منسوب ہے۔ یہ پروگرام کمزور اور مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرکے ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے ضلع خیبر کے باڑہ، جمرود اور لنڈی کوتل کی تحصیلوں میں ادارے کے مقامی دفاتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مستحق خواتین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دورے کا مقصد بی آئی ایس پی کے رقوم کی ادائیگی کے طریقہ کار کو براہِ راست مانیٹر کرنا اور ان مستحق بہنوں کی شکایات سننا ہے جو اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں، اور یہی وجہ ہے کہ فیلڈ وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ بی آئی ایس پی کے تمام دفاتر کا دورہ کریں تاکہ مستحق خواتین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم رواں سال بینظیر ہنر مند پروگرام کیلئے وقف کررہے ہیں جس کا مقصد مستحق افراد کو مالی امداد کے ساتھ ساتھ ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ اپنے پاوں پر کھڑے ہو سکیں۔ دنیا بھر میں ہنر مند افراد کی ڈیمانڈ ہے۔ اس پروگرام کے تحت لوگوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دی جائے گی، جس سے وہ نہ صرف اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں گے بلکہ ملکی معیشت میں بھی مثبت کردار ادا کریں گے۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایات پر مستحق خواتین کو شفاف اور باعزت طریقے سے رقوم کی ادائیگی کی جارہی ہے۔ حکومتِ پاکستان نے جنوری 2025 سے مستحق خواتین کے لیے کفالت کے سہ ماہی وظائف کی رقم 10,500 روپے سے بڑھا کر 13,500 روپے کر دی ہے، تاکہ معاشی مشکلات میں گھرے افراد کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے عملے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں ایک عظیم ذمہ داری سونپی ہے، اور ہمیں ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ مستحق افراد کی خدمت کرنی چاہیے۔ ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی ہے کہ ضرورت مند افراد کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو ۔۔