واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی فضائیہ کا جدید ترین لڑاکا طیارہ ایف 35 گر کر تباہ ہو گیا،پائلٹ محفوظ رہا ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فضائیہ کے زیر استعمال ایف 35 لڑاکا طیارہ الاسکا میں امریکی ائیر فورس بیس پر گر کر تباہ ہوا تاہم ایک نشست والے لڑاکا طیارے کا پائلٹ طیارے کے تباہ ہونے سے پہلے بچ نکلنے سے کامیاب رہا۔امریکی لڑاکا طیارے کے تباہ ہونے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں طیارے کو قلابازیاں کھاتے ہوئے نیچے کی طرف آتے اور زمین سے ٹکرا کر تباہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں طیارے کے تباہ ہونے کے بعد آگ کے بادل بنتے بھی دیکھا جا سکتا ہے
۔امریکی فضائیہ کے حکام نے طیارے کے حادثے کو بڑی تباہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہمارے جوان ہیں اور ہم اپنے اہلکاروں کی سیفٹی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔طیارے کی تحقیقات کے حوالے سے امریکی فضائیہ کے حکام کا کہنا تھا امریکی فضائیہ طیارہ حادثے کی تحقیقات کو ہر صورت یقینی بنائے گی تاکہ آئندہ اس قسم کے حادثات کو کم سے کم کیا جا سکے۔