2022 میں اقتدار میں آکر ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اسحاق ڈار

اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 2022ء میں اقتدار میں آکر ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، حکومتی اقدامات سے معیشت میں استحکام آیا ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان بزنس کونسل کی تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 2013ء میں ملک میں طویل بجلی لوڈشیڈنگ کا سامنا تھا، ماضی میں (ن) لیگ نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنا، ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے۔پاکستان میں معدنیات کا بڑا خزانہ موجود ہے، ہماری حکومت میں تمام شعبوں نے ترقی کی۔

نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ زراعت، معدنیات اور آئی ٹی کی ترقی پر توجہ مرکوز ہے، حکومت اور نجی شعبوں کو مل کر ملکی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ نائب وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بہتر ہوا، پاکستان میں کامیابی سے ایس سی او سمیت کئی بڑے ایونٹ ہوئے، لڑکیوں کی تعلیم کے موضوع پر عالمی کانفرنس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا۔ اُڑان پاکستان منصوبہ ملکی ترقی کا روڈ میپ ہے، ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی ہوئی ہے، ملکی ترقی کیلئے برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ کرنا ہوگا۔