چیمپئن ٹرافی کا پاکستان آنا ہمارے لئے باعث اعزاز ہے، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ماضی میں پاکستان میں کھیل کے میدان ویران ہو گئے تھے، کئی سالوں بعد پاکستان میں بڑے ایونٹس کا آغاز ہو رہا ہے، چیمپئن ٹرافی کا پاکستان آنا ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے بعد سپورٹس کا میگا ایونٹ پاکستان میں کھیلا جائے گا جو ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نیشنل براڈ کاسٹر ہے، پی ٹی وی سپورٹس کی ریٹنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی سی سی کے رائٹس کے حصول کیلئے بروقت ادائیگی کی، ان کی تمام شرائط پوری کی ہیں۔ پی ٹی وی آئی سی سی کے تمام میچز دکھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ نشریات کے لئے اچھا پینل ترتیب دے رہے ہیں، شعیب اختر، شعیب ملک سمیت دیگر سٹارز کو سکرین پر لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی سپورٹس کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی وی سپورٹس کے اندر معاملات درست نہیں تھے، پی ٹی وی کے اندر اس طرح ریفارمز نہیں کی گئیں جس طرح ہونی چاہیے تھیں۔

آئی سی سی کی ادائیگیوں کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل نہیں تھا۔ ہماری کوشش ہے کہ شفاف نظام کے تحت سپورٹس چینل کو بحال کیا جائے۔ ایک سوال میں انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان میں آن لائن پنشن کا اچھا نظام متعارف کرایا گیا ہے، گھوسٹ ملازمین کی شناخت کرنے والے افسران کو شاباش دینی چاہیے ۔ ایسے ملازمین کو نکال کر قوم کا پیسہ بچایا ہے، باقی اداروں میں بھی اس طرح کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔