راولپنڈی (صباح نیوز) سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 3دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 27جنوری کو سکیورٹی فورسز نے آپریشن خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا، سکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3دہشتگرد ہلاک جبکہ 9زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کیخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں اور شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ملک کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے جانی خیل ضلع بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ3دہشتگردوں کو ہلاک اور 9کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی قابل ستائش ہیں۔دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے کے افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔صدر و وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پوری قوم اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر شر پسندوں سے ملک کی حفاظت میں مصروف عمل افواج پاکستان کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ دہشتگردی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی ۔