کوئٹہ،اسلام آباد(صباح نیوز)سیکیورٹی فورسز نے قلعہ عبداللہ میں چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بنادی اور خودکش حملہ آور سمیت پانچوں دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 27 اور 28 جنوری کی درمیانی رات دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کے ساتھ حملے کو ناکام بنادیا۔حملے کے بعد دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، فائرنگ کے تبادلے میں تمام پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔
اس شدید مقابلے میں پاکستان کے دو بہادر سپوت، نائیک طاہر خان (39 سال، ضلع ٹانک کے رہائشی) اور لانس نائیک طاہر اقبال (26 سال، ضلع کرک کے رہائشی)، بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ حملے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اس گھنانے عمل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہماری اس جدوجہد کو مزید مضبوط کرتی ہیں،علاوہ ازیں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع قلعہ عبد اللہ میں سیکیورٹی پوسٹ پر حملہ ناکام بنانے پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،اپنے جاری بیان میںصدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف موثر جوابی کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا،صدر مملکت نے کاروائی کے دوران تمام 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی ،صدر مملکت نے کاروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے پر نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا ،
صدر مملکت نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اِظہار تعزیت کی اور صبر جمیل کی دعا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ملکی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا،علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو ضلع قلعہ عبد اللہ میں سیکیورٹی پوسٹ پر حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین کیا ،وزیر اعظم نے جاری بیان میں دہشت گردوں کے خلاف موثر جوابی کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا،وزیراعظم نے کاروائی کے دوران تمام 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی جبکہ کاروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے پر وزیراعظم نے نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا ، شہباز شریف نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اِظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی ،وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے، وزیر اعظم کا ملکی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا،