امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، محسن نقوی

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی فرنٹیئر کانسٹیبلری دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ بر سر پیکار ہے،ایف سی کے جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے فرنٹیئر کانسٹیبلری میں تعینات ہونے والے 49ویں کامن کے پولیس افسران نے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے فرنٹیئر کانسٹیبلری میں تعیناتی پر افسران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی فرنٹیئر کانسٹیبلری دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ بر سر پیکار ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں حال ہی میں ایف سی کے 10 بہادر جوانوں نے وطن پر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرکے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کے جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں،ایف سی کے شہدا ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، قوم ان کی لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی کو جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس کیا جارہا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نوجوان افسران کسی بھی ادارے میں ایک نئی جان ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیانتداری، نظم و ضبط اور اخلاقی طرز عمل کے اعلی ترین معیار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں،آپ کو اپنے کردار اور جانفشانی سے عوام کے سامنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مجموعی ساکھ کو بہتر بنانا ہو گا، لوگوں سے اچھا سلوک اچھے افسر کی پہچان ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ روایتی تعلقات کی بجائے لوگو ں سے مضبوط تعلق استوار کریں،اچھے کامو ں میں نام پیدا کریں جوآپ کی پہچان بنے۔ محسن نقوی نے کہا کہ آٹ آف وے عوام کی مدد اورخدمت کرنی چاہیے،جو افسران عوام کی خدمت کرتے ہیں اوردل میں بستے ہیں انہیں سفارش کی ضرورت نہیں رہتی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔