توشہ خانہ ٹو  ، بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اعتراضات دور، رجسٹرار آفس کو پیرکو کیس مقررکرنے کی ہدایت

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اعتراضات دورکر دئیے،عدالت نے رجسٹرار آفس کو پیرکو کیس مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی،بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عائشہ خالد،شاہینہ شہاب ودیگر عدالت میں پیش ہوئیں۔وکیل بانی پی ٹی آئی شاہینہ شہاب نے درخواست پرنوٹسزجاری کرنے کی استدعا کردی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ قانون فالو ہوگا۔عدالت نے وکیل درخواست گزارسے استفسار کرتے ہوئے کہاکہ اس درخواست پر تو رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں،وکیل عائشہ خالد نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریماکس دئیے آپ نے کہا کہ رولز آف کنسسٹینسی ہے مگریہاں مرد درخواست گزارہے،انہوں نے بشریٰ بی بی ضمانت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی عورت تھیں تو تب ضمانت بنی،کل ہی ایک اس طرح کی درخواست میں نے خارج کی ہے،رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے ،وکالت نامہ جولائی کا ہے اور کاز آف ایکشن نومبر کا ہے۔عدالت نے شاہ خاور ایڈووکیٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ خاورصاحب آپکی معاونت درکار ہے اس معاملے پر،جس پر شاہ خاور نے کہا کہ ایک روٹین پریکٹس ہیں جب درخواست گزارجیل میں ہو تو ہم ایک ساتھ وکالت نامے دستخط کرا لیتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیئے درخواست کو پیر کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی