اے این ایف کی کارروائیاں،15کلومنشیات برآمد ،6ملزمان گرفتار

اسلام آباد (صباح نیوز)انسداد منشیات فورس (اے این ایف)نے  گذشتہ  24 گھنٹوں کے دوران 5 مختلف کارروائیوں میں تعلیمی اداروں کے اطراف سے 6 ملزمان کوگرفتار کر کے 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی تقریبا 15 کلوگرام منشیات برآمد کر لی ہے۔ ترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فراش ٹائون اسلام آباد کے قریب ملزم سے 150 گرام چرس اور 10 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ اسی طرح لاہور میں ڈیفنس روڈ پر واقع یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 200 گرام چرس اور 100 گرام آئس جبکہ کنال روڈ لاہور پر واقع کالج کے قریب ملزم سے 2.4 کلوگرام چرس، 100 گرام آئس اور 50 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر لی گئیں۔

ترجمان نے کہا کہ حیدرآباد  کے علاقے لطیف آباد میں 2 ملزمان سے 96 بوتل شراب اور 2 کلوگرام چرس جبکہ ٹنڈوجام حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قریب چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے 10 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ترجمان اے این ایف نے کہا کہ نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،تعلیمی اداروں کے اطراف میں مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے،تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کا صفایا اے این ایف کی اولین ترجیح ہے۔