جس بھی سطح پر کرپشن ہے اس کا موجودہ دور حکومت میں ضرور خاتمہ کریں گے، ریاض حسین پیرزادہ

 اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے وزارت کے بعض سابق افسران کی جانب سے خلاف ضابطہ گاڑیاں اورسٹاف زیر استعمال رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر واپس لینے کی ہدایات کی ہیں۔ ترجمان وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات کے مطابق وفاقی وزیر نے وزارت  میں بدعنوانی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے تمام سابقہ افسران کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے کہ وزارت کے انسانی اور دیگر وسائل جو ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے زیر استعمال ہیں انکو فوری طور پر واپس کیا جائے۔

انھوں نے انتظامی ونگ کو چند دونوں میں اس حوالے سے کارروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ جس بھی سطح پر کرپشن موجود ہے اس کا موجودہ دور حکومت میں ضرور خاتمہ کریں گے۔اس سے پہلے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی تھی کہ متعدد رخصت ہوئے سینئر افسران ابھی تک وزارت کی گاڑیاں اور سٹاف استعمال کر رہے ہیں جس پر انھوں نے شدید اظہار برہمی کیا۔