عیدالاضحی آپریشن کے انتظامات کے لیے گلشن اقبال ٹاؤن کا اجلاس ، آصف عبدا لکریم عیدالاضحی آپریشن میں فوکل پرسن مقرر


کراچی(صباح نیوز)چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کی صدارت میں عیدالاضحی پر آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے آپریشن کے انتظامات کو سامنے رکھتے ہوئے مزید بہتری لانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹاؤن وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی سمیت یوسی چیئرمین/وائس چیئرمین اور افسران  نے شرکت کی،اجلاس میں عیدالاضحی میں آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صبح ساڑھے چھ بجے گاڑیاں ہر یوسی میں موجود ہونگی۔ ٹاؤن کی جانب سے انچارج میونسپل سروسز را شمشاد خدمات سر انجام دیں گے جبکہ عیدالاضحی آپریشن کیلئے یوسی وائس چیئرمین آصف کریم کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا جو متعلقہ یوسیز کے منتخب بلدیاتی نمائندگان کے ہمراہ خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے اس موقع پر کہا کہ عیدالضحی پر آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے کام میں یوسی میں فرائض سر انجام دینے کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندگان مکمل طور پر الرٹ رہیں گے،یوسی کی ہر گلی سے آلائشیں اٹھوائی جائیں گی،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے جو گاڑیاں فراہم کی جائیں اس کا عملہ متعلقہ یوسی چیئرمین /وائس چیئرمین کو رپورٹ کرے گا  شکایات کے ازالے کیلئے واٹس ایپ نمبر کا اجرا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ آلائشیں اٹھانے کے بعد چونے کے چھڑکا کو یقینی بنایا جائے جبکہ سیوریج کا اسٹاف بھی موجود رہے تاکہ ضرورت پڑنے پر کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے،انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ وہ قربانی کے بعد آلائش ایک طرف رکھ دیں جبکہ کوشش کریں کہ جس جگہ قربانی کی جائے اسے صاف کر دیا جائے انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ عیدالضحی پر گلشن اقبال ٹاؤن کے مکینوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے ٹیم ورک کے طور پر فرائض سر انجام دیں گے اور ایسے انتظامات کئے جائیں گے جو عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔