لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی 10 سال کیلئے ٹیکس فری کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے الٹرنیٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پنجاب میں ڈ ویلپمنٹ اورعوام کی فلاح و بہبود کے لئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر کام تیزی سے جاری ہے، سکولوں کی کارکردگی کے لحاظ سے کیٹگری بنارہے ہیں، ٹیچر ٹریننگ اور انرولمنٹ پراجیکٹ لارہے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی بہت بڑی آبادیوں کے لئے سیوریج سسٹم لانا بہت بڑا چیلنج ہے، بیشتر شہروں میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم اور لینڈ فل سائٹ موجود نہیں ، شہروں اور دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور ڈرینج کا پائیدار نظام وضح کیا جارہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹ سے متعلق امور کو ایک ہی محکمے کے سپرد کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے بھی کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لو کاسٹ ہاؤسنگ سکیم کے تحت عام آدمی کواپنی چھت میسر ہوگی، شرمپ فارمنگ پرکام جاری ہے اور کسانوں کے لئے جامع کسان کارڈ لارہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف آئی ٹی سٹی 10 سال کے لئے ٹیکس فری کررہے ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے الٹرنیٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے کہا کہ پنجاب کو ترقی کے سفر میں بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، پاکستان کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں، ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پنجاب کے پارٹنر بننا چاہتے ہیں، جب کہ پنجاب میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات دیکھ کو خوشی ہوئی۔