وزیراعظم محمد شہبازشریف سے آذربائیجان کے وزیر ماحولیات کی ملاقات

 اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف سے آذربائیجان کے ماحولیات، قدرتی وسائل کے وزیر مختار بابائیف نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کی جانب سے نومبر 2024 میں باکو میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز COP-29 اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم نے انتیسویں کانفرنس آف پارٹیز کے  دعوت نامے  پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اور آذری عوام کو کآپ 29 کی میزبانی کے لیے باکو کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔ کآپ 29 اس سال موسمیاتی تبدیلی سے درپیش چیلنجوں پر غور و خوض کرنے کے لیے عالمی رہنماؤں کا سب سے اہم اجتماع ہے۔ملاقات میں  گفتگوکرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے؛ 2022 میں پاکستان نے ایک تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا ۔

وزیراعظم نے کآپ 29 کے حوالے سے  آذربائیجان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ کآپ 29 میں شرکت کی دعوت قبول  کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ COP-29 میں شرکت کے منتظر رہیں گے جہاں انہیں صدر الہام علییوف کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم نے صدر علییوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔آذری وزیر نے پاکستان میں اپنی میزبانی اور کآپ – COP-29 کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کی حمایت کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آذر بائیجان پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ ایک ایسا ایجنڈا طے کیا جا سکے جو موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کی ضروریات کی مناسب عکاسی کرے۔