تحریک تحفظ آئین کی اسلامی جمعیت طلبہ کے غزہ مارچ پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت

اسلام آباد(صباح نیوز) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے  اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیلی ریاست کے خلاف ‘غزہ مارچ پر پولیس کے  لاٹھی چارج کی مذمت کی ہے  گرفتاریاں عمل میں  لائی ہے۔ ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان  نے کہا ہے کہ اس پولیس گردی کے واقعے کی بھرپور مذمت کرتے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

ترجمان نے کہا ہے کہ اس ملک کا آئین ہر شہری اور ہر سیاسی_سماجی تنظیم کو پر امن احتجاج کا حق دیتا ہے۔ فارم 47 پر کھڑی یہ ریجیم کبھی وکلا کے احتجاج پر پولیس کو دھاوا بولنے کا کہتی ہے تو کبھی کسانوں پر۔ الغرض جو بھی سیاسی_سماجی گروہ سڑکوں پر نکل آتا ہے تو یہ اتنے خوفزدہ ہیں کہ ان کو اپنا انجام نظر آتا ہے اور بوکھلاہٹ میں ریاستی مشینری کو اس کے خلاف متحرک کر دیتے ہیں۔

انہوں نے عملًا اس ملک میں آئین کو معطل کروایا ہے۔ حکومت وقت کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے کہ آیا پر امن احتجاج اور جلسے و جلوس کرنا اب جرم بن گیا ہے؟تحریک تحفظ آئین پاکستان اسرائیلی جارحیت کے بر خلاف غزہ کے نہتے باسیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ریاست کی جانب سے انسانی حقوق اور سیاسی آزادیوں کو صلب کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کی متمنی ہے۔