پاکستان سپورٹس بورڈ ورکرزیونین کے عہدیداران کا اسٹیٹ بنک آف پاکستان کا دورہ

اسلام آباد(صباح نیوز)ڈیموکریٹک ورکرزفیڈریشن اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے ریفرنڈم میں ملکی سطح پر پانچویں مرتبہ تاریخی کامیابی حاصل کرنے پرپاکستان سپورٹس بورڈ ورکرزیونین کے مزدور رہنما محمد اکرم بھٹی، سید مسعودبخاری صدر،نعیم حیدرچیئرمین،اشتیاق احمد اعوان ایڈیشنل جنرل سیکرٹری،احتشام الحق ڈپٹی جنرل سیکرٹری،یاسررحمان،محسن بھٹی و دیگرعہدیداران نے اسٹیٹ بنک آف پاکستان کا دورہ کیا اور ڈیموکریٹک ورکرزفیڈریشن کے صدر چوہدری شفقت اللہ وڑائچ،سیکرٹری جنرل لیاقت علی ساہی اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی،

اس موقع پر مزدور رہنما محمدا کرم بھٹی کا کہناتھا کہ ریفرنڈم میں پانچویں مرتبہ کامیابی تمام ملازمین کا ڈیموکریٹک ورکرزفیڈریشن پر مکمل اعتماد کا اظہار ہے اورہم امید کرتے ہیں کہ پہلے سے بڑھ کر ملازمین کے حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے اور ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے بہتراقدامات اٹھائیں گے اس سلسلے میں پاکستان سپورٹس بورڈ ورکرزیونین کی پوری قیادت اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے،

اس موقع پر ڈیموکریٹک ورکرزفیڈریشن کے صدر چوہدری شفقت اللہ وڑائچ نے مبارکباد کے لیے آنے والے وفدکا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ملازمین کی خدمت کا موقع ملازمین نے اپنے ووٹ کی صورت میں ایک دفعہ پھر ڈیموکریٹک ورکرزفیڈریشن کو دیا ہے اور اس مرتبہ بھی ہم پہلے سے بڑھ کر مزدوروں کی خدمت جاری رکھیں گے اور ترجیح بنیادوں پر انکے مسائل حل کروائیںگے۔