حکومت پانچ لاکھ سے زائد نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے پر ڈٹ گئی


اسلام آباد(صباح نیوز)ایف بی آر کے جاری کردہ انکم ٹیکس جنرل آرڈر پر تاحال عمل کیوں نہیں کیا گیا ، ایف بی آر نے پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے پر غور شروع کر دیا ہے ، نان فائلرز کے موبائل فون استعمال پر ڈھائی فیصد اضافی ٹیکس لگانے کی تجویز بھی سامنے آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے 5 لاکھ سے زائد نان فائلرزکی سمز بند نہ کرنے کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کر لیاہے اور 15مئی تک پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیز نے سمز بند نہ کیں تو قانونی چارہ جوئی ہوگی، درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے حکام پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر متفق ہیں۔

نان فائلرز کی سمز کی بندش میں رکاوٹ کے باعث متبادل اقدامات پربھی غور جاری ہے ۔ سمز بلاک نہ ہونے کی صورت میں نان فائلرز کے سم خریدنے پر 2.5فیصد اضافی ودہولڈنگ ٹیکس لگانے کی تجویز زیر غور ہے ۔ اس کے علاوہ ہر دفعہ موبائل بیلنس اور ڈیٹا لوڈ پر بھی اضافی ٹیکس کٹے گا۔ 10دن سے زائد گزرنے کے باوجود پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں نے ایف بی آر کے جاری کردہ انکم ٹیکس جنرل آرڈر پر عملدرآمد نہیں کیا ہے اور موقف اپنایا کہ مجوزہ اقدام بنیادی شہری حقوق سے متصادم اور ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔