راولپنڈی، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش و ژالہ باری، موسم خوشگوار


اسلام آباد(صباح نیوز)جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش و ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا۔وفاقی دارالحکومت میں بعض مقامات پر بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ اسلام آباد پر چھائے گھنے بادلوں کے باعث دن میں بھی رات کا سماں رہا۔

ادھر اٹک وگردونواح کے علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو ئی جبکہ بنوں شہر سمیت ا رد گرد کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔مانسہرہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کی شدت کم ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اوگی، دربند، بالاکوٹ میں بھی بارش ہوئی جبکہ بارش کا سلسلہ مزید ایک دن جاری رہے گا۔