شمالی وزیرستان میں شرپسندوں نے لڑکیوں کا نجی سکول بموں سے اڑا دیا


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)شمالی وزیرستان میں شرپسندوں نے لڑکیوں کے پرائیویٹ سکول کو بموں سے اڑا دیا گیا۔پولیس کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں لڑکیوں کے ایک پرائیویٹ سکول کو بموں سے اڑا کر تباہ کردیا گیا۔

سکول کے چوکیدار نے اپنے بیان میں بتایا کہ گزشتہ شب نامعلوم افراد نے سکول کو بموں سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں سکول کے 2کمرے مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ مسلح افراد نے مجھے بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر چھوڑ دیا۔اطلاعات کے مطابق متاثرہ سکول علاقے میں لڑکیوں کا واحد پرائیویٹ سکول تھا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے واقعے کے بعد سکول سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔