9 مئی کو اقتدار پرستوں نے ہوس میں وہ کر ڈالا جو دشمن بھی نہ کرسکا، مریم نواز


لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اقتدار پرستوں نے ہوس میں وہ کر ڈالا جو دشمن بھی نہ کرسکا۔

سانحہ 9مئی کے حوالے سے جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے، قوم 9مئی کو بھولے گی نہ معاف کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 9مئی تاریخ کا سیاہ باب ہے جس روز اقتدار پرستوں نے ہوس میں وہ کر ڈالا جو دشمن بھی نہ کرسکا، ہوس پرستوں نے قوم کی عزت و حرمت کی ریڈ لائن کراس کی، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ قومی ادارے کو کمزور کرنے کی سازش اور مجرم بے نقاب ہوچکے ہیں، سیاست کی خاطر ملک و قوم کا وقار پامال کرنے والے معافی کے مستحق نہیں ہو سکتے، نفرت کی آگ میں سلگتے کردار اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ قوم 9 مئی کے ہر کردار کو جان چکے ہیں، ان کے مکروہ چہرے پہچان چکے، عہد کرتے ہیں کہ اب 9 مئی کبھی نہیں ہونے دیں گے، 9 مئی کرنے والے تاریخ کے کوڑا دان میں نظر آئیں گے۔