قوم اور تاریخ سانحہ 9 مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، وزیر اعظم


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم اور تاریخ سانحہ 9 مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی سوچوں کو الگ الگ کرنے والا دن ہے، ایک طرف قوم کے عظیم بیٹے، ان کے اہلخانہ ، محب وطن عوام ہیں تو دوسری طرف وہ کردارہیں جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے، ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اور اپنی آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دینا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک سال گزر گیا قوم اپنے مجرموں کو بھولی ہے اور نہ ہی بھولے گی، یہ ریاست پر سیاست کو قربان کرنے اور حملے کرنے والی سوچوں کو الگ کرنے والا دِن ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے اور محب وطن عوام ہیں تو دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار جن کے دِل میں قومی یادگاروں، اداروں اور آئین سمیت ریاستی مفادات کا کوئی درد ہے نہ ہی قانون کیلئے کوئی عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دینا ہے۔

وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر اور شیری رحمان جبکہ مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نگران دور حکومت میں 9 مئی کی تحقیقات پر قائم کابینہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے 9 مئی میں براہِ راست ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا، رپورٹ کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے قانون سازی کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اراکین نے متفقہ طور پر نو مئی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔