بھارت میں فلسطین کی حمایت پر سکول پرنسپل عہدے سے برطرف


ممبئی (صباح نیوز)بھارتی سکول انتظامیہ نے اپنی پرنسپل کو فلسطین کی حمایت کردہ پوسٹ لائک کرنے پر ملازمت سے فارغ کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے معروف سکول کی انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کی حمایت اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کا نیا واقعہ پیش آیا ہے۔ سکول انتظامیہ نے اپنی پروین شیخ نامی پرنسپل کو ملازمت سے یہ کہتے ہوئے برطرف کر دیا کہ انہوں نے مسئلہ فلسطین اور حماس اور اسرائیل کے جاری حالیہ تنازع کے دوران فلسطین کی حمایت کردہ پوسٹ لائک کی ہے۔

سکول انتظامیہ نے 2مئی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پروین شیخ کی ذاتی سوشل میڈیا سرگرمیاں تعلیمی ادارے کی قدروں سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پروین شیخ کو عہدے سے اس وقت تک کے لیے مستعفی ہونے کا کہا گیا ہے جب تک انتظامیہ ان کے اس اقدام کی تحقیقات مکمل کرتی ہے۔انتظامیہ نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد سکول پرنسپل کو عہدے سے برطرف کردیا۔ پرنسپل پروین شیخ نے سکول انتظامیہ کے سیاسی عزائم پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے برطرفی کو مکمل طور پر غیر قانونی، سخت اور غیر ضروری عمل قرار دیا ہے۔ پروین شیخ اس سکول سے گزشتہ 12 برس سے وابستہ تھیں جبکہ 7 برس سے پرنسپل کے عہدے پر فائض تھیں۔