وزیراعظم کا وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت او رنیوٹیک میں اصلاحات کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزارت امورِ سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت او رنیوٹیک میں اصلاحات کا فیصلہ کر لیا ہے ۔وزیرِ اعظم نے ملک گیر تکنیکی و فنی تعلیم کو یکساں کرنے اور بیرونِ ملک پاکستانی افرادی قوت کے بہتر روزگار کیلئے پاکستان اسکل کمپنی بنانے کی ہدایت کی ہے، زیرِ اعظم نے پاکستان اسکل کمپنی اور پاکستان سکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے حوالے سے اعلی سطح کا  جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو۔اجلاس میں وزیرِاعظم کو نیوٹیک کے پاکستان میں افرادی قوت کی تکنیکی و فنی تربیت کے حوالے سے اقدامات کے بارے بتایا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کی نواجوان افرادی قوت کو عالمی معیار کی تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نیوٹیک کو مزید فعال بنایا جائے،تمام تکنیکی شعبوں میں عالمی شہرت یافتہ اور بین الاقوامی سرٹیفیکشنز یقینی بنائی جائیں،پاکستانی افرادی قوت کی ترقی اور تکنیکی و فنی تعلیم کے معیار کو عالمی سطح پر لانے کیلئے وفاقی ادارے صوبوں کے ساتھ روابط اور تعاون یقینی بنائیں،بہترین اور عالمی معیار کے پیشہ ورانہ تکنیکی ہنر سے لیس افرادی قوت کیلئے ریگیولیشن کا مربوط نظام یقینی بنایا جائے ،نادرا،نیوٹیک اور تمام صوبائی اداروں سے مل کر ملک میں اور بیرونِ ملک موجود افرادی قوت کا ایک مربوط اور منظم ڈیابیس بنایا جائے،عالمی معیار سے ہم آہنگ فنی اور تکنیکی تربیت کی منصوبہ بندی کا نفاذ کیا جائے۔

وزیرِ اعظم نے پاکستانی تکنیکی و فنی افرادی قوت کو بیرونِ ممالک روزگار کے حوالے سے کمپنیوں کے لائسنس رجیم میں بھی اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کمپنیوں اور لوگوں کی نشاندہی کی جائے جو پاکستانی افرادی قوت کو دھوکہ دے کر انکو معاشی نقصان پہنچاتے ہیں،ایسے عناصر دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی کا باعث بنتے ہیں،پاکستانی سفارتخانوں میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تعیناتیوں میں میرٹ اور شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے ۔وزیرِ اعظم نے پاکستان میں تکنیکی و فنی تربیت کے شعبے کی اصلاحات کیلئے ایک کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی ہے ،کمیٹی شعبے کیلئے سفارشات پیش کرے گی ،کمیٹی وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقیِ افرادی قوت کی اصلاحات پر بھی سفارشات مرتب کرے گی۔

قبل ازیں بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ نیوٹیک رواں برس 60 ہزار افراد کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرے گا جبکہ اصلاحات مکمل ہونے کے بعد آئندہ تین برس میں کل 6 لاکھ افراد کو تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تکنیکی و فنی تربیت کیلئے نہ صرف بیرونِ ممالک سے روزگار کے مواقع اور درکار ہنر کی معلومات کا تبادلہ یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ مقامی صنعت سے بھی اس حوالے سے افرادی قوت کی کھپت کا ڈیٹا حاصل کیا جاتا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نیوٹیک نے تکنیکی اور فنی تربیت کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی معیار کے شہرت یافتہ اداروں سے طلبا و طالبات کی سرٹیفکیشن لازمی قرار دے دی ہے ۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے عین مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے نہ صرف وفاقی سطح پر کوٹہ مختص کیا گیا بلکہ انکی خصوصی تربیت کیلئے علیحدہ پروگرام کا اجرا کیا جا رہا ہے جس کا آغاز رواں برس جون میں ہو جائے گا۔

اجلاس کو وزارتِ امورِ سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اصلاحات پر سفارشات بھی پیش کی گئیں۔وزیرِ اعظم نے نیوٹیک اور وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت کی اصلاحات پر فوری سفارشات مرتب کرنے کیلئے فوری طور پر ایک کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود  احمد خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل، قومی کوارڈینیٹر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل لیفٹیننٹ  جنرل سرفراز احمد، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔