روٹی کی نئی قیمتوں کیخلاف درخواست،ہائی کورٹ نے ڈی سی اسلام آباد،ایڈووکیٹ جنرل  جمعہ کو  طلب کر لیا


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نان اور روٹی کی قیمتوں کے نئے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کر کے  جمعہ کو طلب کر لیا۔عدالتِ عالیہ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نانبائی ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نوٹیفکیشن معطل کر کے حکمِ امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سوال کیا کہ تندور مالکان کتنے روپے میں روٹی بیچنا چاہ رہے ہیں؟ گندم کی قیمت میں کمی ہوئی تو پھر کیا مسئلہ ہے؟۔نان بائی ایسوسی ایشن کے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے جواب دیا کہ اسلام آباد میں تلہ گنگ، چکوال اور اٹک کی قیمتوں پر نان روٹی نہیں بیچی جا سکتی، نئے نوٹیفکیشن میں 100 گرام کی روٹی کی قیمت 16 روپے ہے، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہم  بیٹھنے کو تیار ہیں وہ ہم سے بات تو کریں، ایک روٹی ہمیں تقریباً 21 روپے میں پڑ رہی ہے مگر ہم 20 روپے میں بھی بیچنے کو تیار ہیں، انتظامیہ نے انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے، تقریباً 30 تندور سِیل کئے جا چکے ہیں۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ اسلام آباد میں اب تک کتنے مقدمات درج ہوئے ہیں؟۔

صدر نان بائی ایسوسی ایشن نے بتایا کہ مجھ پر 2 مقدمات ہیں، تقریباً 30 تندور سیل کئے گئے اور 60 لوگ گرفتار ہیں۔نان بائی ایسوسی ایشن کے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے کہا کہ سرکاری نرخ نامے کا نوٹیفکیشن ابھی تک پبلش نہیں ہوا مگر تندوروں کو سیل کیا جا رہا ہے، ایک نوٹیفیکیشن پہلے جاری ہوا جس پر اس عدالت نے حکمِ امتناع دیا تھا، عدالت کو بتایا کہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا، پھر میڈیا پر اس خبر کی تردید چلوائی گئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے راولپنڈی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد کے لئے بھی جاری کر دیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کر کے سماعت   جمعہ تک ملتوی کر دی۔عدالتِ عالیہ نے حکمِ امتناع کی درخواست پر بھی جمعہ کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔