کراچی(صباح نیوز)چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں بہتری کیلئے اداروں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کا باہمی اشتراک ناگزیر ہے،گلشن اقبال ٹاؤن کی حدود میں زیادہ تر مسائل پانی وسیوریج کے سامنے آرہے ہیں جبکہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا براہ راست کنٹرول ٹی ایم سی کے ہاتھ میں نہیں ہے جبکہ یہ ہی صورتحال کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کی بھی ہے،منتخب بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے مسائل پیش کئے جارہے ہیں جہاں تک ممکن ہوگا ان کے حل کیلئے اقدامات کرینگے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحی و ویگر بلدیاتی انتظامات کے حوا لے سے یوسی چئیرمینز و وائس چیئرمینز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر یوسی نمائندگان نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ سیوریج کے مسائل کے سبب انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہے جو اپنے طور پر کام کر سکتے ہیں کر رہے ہیں لیکن کچھ مسائل ان کی دسترس سے باہر ہیں جس پر چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ وسائل کی کمی چیلنچ ہے مگر عوامی خدمت کے سفر کو مناسب حکمت عملی کے تحت جاری رکھے ہوئے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ دستیاب وسائل میں زیادہ سے زیادہ مسائل حل کئے جائیں جو ذمہ داری ہمارے سپرد کی گئی ہے اسے دینی فریضہ سمجھ کر سر انجام دیا جائے تو یقینی طور پر آسانیاں پیدا ہونگی ،
عیدالا ضحی بہت اہم فریضہ ہے جس میں ٹاون کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ہر بلدیاتی نمائندے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بروقت آلائشیں اٹھتی رہیں اور اس بات کا امکان نہ رہے کہ آلائشوں کی وجہ سے عوام مشکل کا شکار ہیں ،بارشیں عوام کیلئے زحمت بنتی جارہی ہیں ہمیں ایسی حکمت عملی مرتب کرکے کام کرنے ہیں کہ متعدل برسات میں عوام کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔