کراچی (صباح نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا اسلام آباد میں مقدمہ لڑوں گا، اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے تو وہ کسی اور گھر جائیں گے، کے پی کے میں گورننس زیادہ بہتر نہیں ہے، میں نفرتوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کروں گا۔
کراچی میںمزار قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کوشش ہوگی خیبرپختونخوا کے عوام کا وکیل بنوں، کوشش ہوگی خیبرپختونخوا کے عوام کا اسلام آباد میں مقدمہ لڑوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نہیں کہ میں سڑکوں پر کھڑے ہو کر بڑھکیں ماروں کہ پیسے واپس دیں، مختلف فورمز موجود ہیں جہاں پر اپنا مقدمہ لڑیں گے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا اس وقت پاکستان کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، میری کوشش ہوگی کہ میں خیبر پختونخوا کا وکیل بنوں، ہم نفرتوں کا خاتمہ کریں گے۔ صوبے کی گورننس زیادہ بہتر نہیں ہے، صوبے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کوسہولیات کی فراہمی یقینی بناناہماری اولین ترجیح ہوگی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے جوانوں کا مورال بلندکریں گے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے بیان کی نفی کرتاہوں۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے اسلام آباد پر چڑھائی کے بیان پرقانونی چارہ جوئی ہوگی۔گورنر کے پی کے نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال ٹھیک نہیں ہے۔ پختونخوا میں معیشت کی حالت دگرگوں ہے۔ کے پی کے میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کا سدباب ضروری ہے۔ ہر سیاسی جماعت کے ساتھ مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان میں ہر کوئی آزاد شہری ہے، پاکستان میں آئین بھی ہے اور قانون بھی، اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے تو وہ کسی اور گھر جائیں گے، اپنی نااہلی اور کوتاہی چھپانے کیلئے اس قسم کا موقف نہیں دینا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس اکثریت بھی ہے پھر بھی اسمبلی اجلاس بلانے سے خائف ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ اپنا حق سڑکوں پر نکل کر مانگیں، میں اپنے صوبے کے کیس کو مضبوط کروں گا، صوبے میں موجود ہر سیاسی شخصیت کے پاس جانے کو تیار ہوں۔