چیئرمین پی اے سی کیلئے پی ٹی آئی میں اختلافات،سیاسی کمیٹی کی شیرافضل مروت کی جگہ شیخ وقاص اکرم کے نام کی منظوری

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین پی اے سی کیلئے ایک بار پھر پی ٹی آئی میں اختلافات سامنے آگئے ہیں، پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے چیئرمین  پبلک اکائونٹس کمیٹی(پی اے سی) کے لئے شیرافضل مروت کا نام واپس لے کر شیخ  وقاص اکرم کے نام کی منظوری دے دی۔ سیاسی کمیٹی نے شیر افضل مروت کی جگہ شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شیر افضل مروت کو ہٹانے کے لئے عمر ایوب اور شبلی فراز نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا تھا۔ سیاسی کمیٹی اجلاس میں شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے لیے ووٹنگ کرائی گئی، شیر افضل مروت کے حق میں اسد قیصر، شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور ذلفی بخاری سامنے آئے جبکہ عمر ایوب اور شبلی فراز شیر افضل مروت کو ہٹانے کے لیے وقاص اکرم کا نام سامنے لائے۔ چیئرمین پی اے سی کے لئے وقاص اکرم کے نام کی منظوری پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے دی۔ سیاسی کمیٹی شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے فیصلے سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کرے گی۔