کینیا ، سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 228ہو گئی


نیروبی (صباح نیوز)کینیا میں سیلاب سے ہلاک ہو نے والوں کی تعداد 228ہو گئی ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملک کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ کینیا میں سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 228ہو گئی ۔ اس سے پہلے 179اموات ہوئی تھیں۔ سیلاب نے مغربی کینیا کے مسائی مارا سفاری پارک کو بھی متاثر کیا، جہاں دریائے ٹیلیک کے بہنے سے ہوٹلوں میں سیاحوں کے گروپ لاپتہ ہوگئے۔اس سے پہلے دن میں ملک کے وسطی حصے میں مائی ماہیو گائوں کے قریب مٹی کا تودہ گرنے سے 46افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق نشیبی اور ساحلی علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے اور پہاڑی ڈھلوان والے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات بھی ہو سکتے ہیں، کینیا میں کئی مہینوں کے سیلاب نے گھر، سڑکیں اور پل تباہ کر دیئے اور 2لاکھ 10ہزارسے زیادہ لوگ بے گھر ہو گئے۔بارشوں نے دیگر مشرقی افریقی ممالک کو بھی متاثر کیا ہے۔ ہمسائیہ ملک تنزانیہ میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 155افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یوگنڈا اور برونڈی میں ہلاکتوں اور اہم نقصانات کی اطلاع ملی ہے۔