الخدمت فاؤڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے زیراہتمام غزہ امدادی سامان کی پیکنگ ڈرائیو کے موقع پرتقریب 


لاہور  (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے زیراہتمام مظلوم فلسطینیوں کو امدادی سامان بھجوا نے کے لیے پیکنگ ڈرائیو کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف جامعات،کالجز اور  سکولز سے آئے1500رضاکاروں نے پیکنگ ڈرائیو میں حصہ لیا۔خواتین،بچوں کے ملبوسات،برتن اور دیگر ضروریات زندگی کے سامان کو مختلف پلاسٹک باکسز میں پیک کیا گیا۔

مہمان خصوصی صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن،نائب صدرذکراللہ مجاہد،جماعت اسلامی خواتین ونگ کی سیکر ٹری جنرل  ڈاکٹر حمیراطارق،الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی صدر صائمہ شبیر،سیکر ٹری جنرل صباثاقب ودیگرذمہ داران اس موقع پر منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے اوراظہارخیال کیا۔ ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ غزہ میں بچوں اورخواتین سمیت 22لاکھ افرادجنگ کی وجہ سے شدیدمشکلات کاشکارہیں ،الخدمت پہلے دن سے متاثرین کیلئے  ریلیف آپریشن جاری رکھے  ہوئے ہے ،ہماری کوشش ہے زیادہ سے زیادہ خوراک،ادویات اوردیگرامدادی سامان غزہ متاثرین تک پہنچایاجائے ،اس سے قبل پاکستان اور مصرکے ذریعے امدادی سامان بھجوایاجارہاتھاحالیہ دنوں الخدمت نے اردن کے راستے ا مدادی سامان پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا ہے ،نئے راستے کے ذریعے 24گھنٹے میں امدادی سامان غزہ پہنچے گا،غزہ میں ہسپتال،سکولز اور پانی کے حصول کے ذرائع تباہ کر دیئے گئے ہیں۔لاکھوں انسان کھلے آسمان کے نیچے امدادکے منتظرہیں،الخدمت اہل خیرپاکستانیوں کے تعاون مسلسل امدادی سامان غزہ پہنچارہاہے،جنگ بندی کے فوری بعدبحالی کے حوالے سے بھی ہم نے مکمل پلاننگ کرلی ہے، واٹرفلٹریشن پلانٹ،ہسپتال،مساجدکے علاوہ رہائشی یونٹس کی ازسر نو تعمیراوربحالی کیلئے  الخدمت کی ٹیمیں اپنی ورکنگ مکمل کرچکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مظلوم فلسطینیوں بہن بھائیوں کیلئے سامان کی پیکنگ کرنے والے رضاکاربہترین اجرکے مستحق ہیں،نوجوانوں کا جذبہ قابل قدر ہے جو اس کام کو بلا غرض اپنے فلسطینی بھائیوں کے لئے کر رہے ہیں۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ صائمہ شبیرنے کہا کہ فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لئے ہم یہ کام پہلے روز سے کر رہے ہیں۔ اب تک ویمن ونگ ٹرسٹ کے تحت پونے2 کروڑ کی امداد بھجوا چکے ہیں۔ مظلوم فلسطینیوں کے لئے  اب تک بیشتر  ٹن امدادی اشیا،ادویات ودیگر سامان پہنچایا جاچکا ہے،ہم فلسطینی بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کالجز،جامعات اور سکولز کے1500 نوجونواں نے پیکنگ ڈرائیو کے لئے  خود کو رجسٹرڈ کرایا تھا جوقابل قدر ہے اور وہ یہاں ایک عظیم جذبے کے تحت کام کر رہے ہیں۔ان بچوں کی فلسطینیوں سے محبت اور اخلا ق کی کوئی قیمت نہیں۔