یو اے ای کے صدر کے چچا شیخ طہنون بن محمد النہیان انتقال کرگئے،وزیراعظم شہبازشریف کا اظہار افسوس


 ابوظہبی ،اسلام آباد (صباح نیوز) متحدہ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے چچا شیخ طہنون بن محمد النہیان انتقال کرگئے ،وزیراعظم میاں شہباز شریف نے شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ۔

شیخ طہنون بن محمد النہیان متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کے قریبی ساتھی بھی تھے، وہ گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال پر اماراتی حکام نے صدر مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان سے اظہار تعزیت کیا ہے ، اماراتی حکومت نے شیخ طہنون بن محمد النہیان  کے انتقال پر 7 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے،اماراتی پرچم سرنگوں رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے حکمران نمائندے شیخ تہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔سماجی پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ وہ شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر افسردہ ہیں، دکھ کی اس لمحے میں وہ متحدہ عرب امارات حکمران اور عوام کے ساتھ ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے میں ان کے کردار کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت شیخ طہنون بن محمد النہیان کو ابدی سکون عطا فرمائے۔