پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ


کراچی (صباح نیوز)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد ستار نے کہا ہے کہ پچھلے سال اسٹیٹ بینک نے انویسٹمنٹ پیکج کے ذریعے سپورٹ کیا جس کے تحت 2.5 ارب ڈالر کی مشینری درآمد کی۔

خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ایل ٹی ایف ایف کی سہولت کے تحت 1 ارب ڈالر کی مشینری درآمد کی جس سے پروڈکشن میں اضافہ ہوا اور پچھلے چار ماہ میں ٹیکسٹائل کی ماہانہ برآمدات ڈیڑھ ارب سے زائد رہی۔شاہد ستار نے کہا کہ پاکستان کا بڑا مسئلہ بیلنس آف پیمنٹ کا ٹھیک نہ ہونا ہے جس کے لیے ڈالر چاہیے جو پاکستان قرضہ لے کر یا برآمدات سے حاصل کرسکتا ہے۔ ڈالر حاصل کرنے کے لیے برآمدات سے بہتر کوئی چیز ہو نہیں سکتی کیونکہ اس کی مد میں نہ کوئی سود دینا پڑتا ہے نہ ہی کوئی رقم واپس کرنی پڑتی ہے۔