یکم مئی۔ اسپیکر ڈپٹی اسپیکر کا مزدوروں،محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ کا عزم

اسلام آباد (صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مزدور اور محنت کش طبقہ ملکی کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزدور طبقے کے حقوق کا تحفظ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی لیبر ڈے  کے موقع پر کیا جو ہر سال یکم مئی کو دنیا بھر میں مزدور طبقے کی قربانیوں، کردار اور ان کے حقوق سے متعلق آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کے لیے  منایا جاتا ہے۔سپیکر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں شکاگو کے ان مزدوروں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جہنوں نے اپنے حقوق کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے لیبر ڈے کے موقع پر ملک کی تعمیر وترقی کے لیے  محنت کش طبقے کی خدمات کو  خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی محنت کش طبقے کے کردار  کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لیبر ڈے دنیا بھر میں محنت کش طبقے کے کردار، اپنے کام سے لگن اور عزم و استقامت کو اجاگر کرنے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی  پارلیمان ہمیشہ محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں  پر زور دیا کہ وہ محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے موثر قانون سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم  محنت کش طبقے کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا اس طبقے کی ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں محنت کش طبقے کی قربانیوں اور جدو جہد کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے  ہمیشہ محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کیا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پالیسیاں اور قوانین وضع کیے ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب حکومت مزدوروں کی فلاہ و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔