ماہر قانون عرفان قادر قانونی امور سے متعلق وزیر اعظم کے معاون مقرر، نوٹی فکیشن بھی جاری

اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیرا عظم شہباز شریف نے ماہر قانون عرفان قادر ایڈووکیٹ کو قانونی امور کے حوالے سے اپنا کنسلٹنٹ تعینات کر دیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے عرفان قادر کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق عرفان قادر کو 2 سال کے لیے کنسلٹنٹ تعینات کیا گیا ہے، وہ قانونی امور کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کی معاونت کریں گے۔

واضح رہے کہ عرفان قادر ایڈووکیٹ سابقہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت میں وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔عرفان قادر مختلف عدالتوں میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے متعدد اہم مقدمات کی پیروی کرچکے ہیں۔اس کے علاوہ وہ 12 اپریل 2012 سے 7 جون 2013 تک اٹارنی جنرل آف پاکستان کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں