وفاقی وزیر داخلہ کا نادرا سنٹر کینٹ لاہور کا دورہ، انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت


لاہور (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضرار شہید روڈ لاہور کینٹ کے نادرا سنٹر میں انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضرار شہید روڈ لاہور کینٹ کے نادرا سنٹر کا دورہ کیا اور شناختی کارڈ و دیگر ضروری دستاویزات بنوانے کیلئے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی۔

محسن نقوی نے شہریوں سے دستاویزات کے حصول کے بارے دریافت کیا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے، وزیرداخلہ نے نادرا سنٹر میں شہریوں کیلئے سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے نادرا سنٹر ضرار شہید روڈ میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کائونٹرز پر موجود شہریوں سے گفتگو بھی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نادرا میں ایجنٹ مافیا نہیں ہے تو پاسپورٹ آفس سے بھی اس کا خاتمہ کریں گے، نادرا سنٹرز کے دورے عوام کو انتظار اور تاخیر کی زحمت سے بچانے کیلئے کر رہا ہوں، پوری کوشش ہے نادرا سنٹرز میں بلا تاخیر شہریوں کو دستاویزات فراہم کی جائیں۔

دریں اثناء وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی   نے سکھر میں نادرا آفس کادورہ کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ بھی میرے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت نے بھی سندھ کے بعض اضلاع میں بے امنی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ امن سے متعلق صدر مملکت ایک میٹنگ کر رہے ہیں، لوگوں کو نادرا دفتر اور پاسپورٹ آفس سے متعلق مشکلات ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نادرا آفس کو شہر کے اندر منتقل کیا جائے گا، پاسپورٹ آفس کی عمارت کو 6 ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔