سپریم کورٹ میں پی بی 51چمن ے12پولنگ سٹیشنز پر ری پولنگ کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی بی 51چمن  ے12پولنگ سٹیشنز پر ری پولنگ کے حوالے سے کیس کی سماعت جمعرات کے روز تک ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار اصغر خان اچکزئی کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی اوردیگر کے خلاف دائر درخواست پر سپریم کورٹ کے کورٹ روم نمبر 3میں سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے سینئر وکیل وسیم سجاد پیش ہوئے جبکہ مدعا علیہان کی جانب سے صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان بیرسٹر محمدشہزاد شوکت، سینئر وکیل محمد اکرم شیخ، ڈی جی لاء الیکشن کمیشن آف پاکستان محمد ارشد اوردیگر پیش ہوئے۔

دوران پیش ہو کر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن شہزاد شوکت نے بتایا کہ وہ مدعا علیہ نمبر ایک کی جانب سے پیش ہورہے ہیں اور انہوںنے 12پولنگ سٹیشنز پر الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کروانے کے حکم کے خلاف گزشتہ روز ہی اپیل دائر کی ہے اس لئے بہتر ہو گاکہ اِس اپیل کو بھی اسی کیس کے ساتھ سماعت کے لئے مقررکیا جائے ۔ شہزاد شوکت نے عدالت نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت جمعرات کے لئے مقررکردیں۔ اس پر اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ انہیں کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25اپریل کے روز تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے درخواست گزار اصغر خان اچکزئی کی جانب سے دائر درخواست پر پی بی 51چمن کے 12پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کاحکم دیا تھا۔تاہم  اصغر خان اچکزئی نے حکم کوسپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ مزید 11پولنگ اسٹیشنز پر بھی ری پولنگ کاحکم دیا جائے کیونکہ ان پولنگ سٹیشنز پر بھی ووٹنگ کی شرح بہت زیادہ تھی۔ ZS