کراچی(صباح نیوز)کراچی میں سٹی پولیس نے مقابلے کے بعد لیاری گینگ کا بدنام زمانہ اور انتہائی مطلوب گینگ وار کمانڈر فیصل عرف ملا گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی امجد حیات نے کہا کہ ملزم پولیس کی انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل تھا ، ملزم فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشتگردی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا۔امجد حیات نے کہا کہ ملزم بلڈرز، تاجروں، دوکانداروں سمیت کاروباری شخصیات کو بھتہ کی پرچیاں دیتا تھا، ملزم گینگ وار کے رکن وصی اللہ لاکھو اور ایاز زہری کے کہنے پر وارداتیں کرتا تھا، ملزم فیصل عرف ملا بھتہ نہ دینے پر ہینڈ گرنیڈ دھماکوں اور قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے، یہ 2012 سے مذہبی جماعت کے یونٹ انچارج کے ساتھ رمضان اور ربیع الاول میں چندے کی رسیدوں کے ذریعے چندہ جمع کرتا رہا ۔امجد حیات نے کہا کہ ملزم فیصل عرف ملا نے 2015 میں لیاری گینگ وار وصی اللہ لاکھو اور ایاز زہری کے گروہ میں شمولیت اختیار کی، فیصل ملا اپنے شوٹروں اشفاق کیپٹن اور منور کے ذریعے ہینڈ گرینیڈ کے حملے، ٹارگٹ کلنگ، جلا ئوگھیرائو اور بھتہ وصولی کی وارداتیں کرواتا رہا ۔ایس ایس پی نے کہا کہ دہشت گرد اولڈ سٹی ایریا میں مختلف تاجروں اور بلڈروں سے بھتہ نہ دینے پر قاتلانہ حملے بھی کرواتا رہا ۔انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف دہشتگردی، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ، ملزم اس سے قبل گرفتار نہیں ہوا تھا۔ ملزم کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور ایک عدد رائفل بھی برآمد ہوئی۔