عالمی برادری دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے۔شبیر احمد شاہ


سری نگر— نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے کشمیری نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے کشمیری شہدا کی قربانیوں کے تحفظ کیلئے جدوجہد آزادی کشمیر کی قیادت کریں۔

شبیر احمد شاہ نے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے ناقابل تنسیخ حق خودرادیت کے حصول کیلئے پرامن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور اپنی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔

شبیر شاہ نے کہا کہ ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کی حراست میں تین کشمیری نوجوانوں کا حالیہ ماورائے عدالت قتل عالمی برادری کے لیے چشم کشا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ بڑھائے۔

انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے۔