بجلی فی یونٹ3.45روپے مہنگی کرنے کی کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ محفوظ


 اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(  نیپرا) نے کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا،اتھارٹی تفصیلات کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ جاری کرے گی ۔بدھ کو چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کی سربراہی میں بنچ نے ستمبر کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت کی جس میں تین روپے پینتالیس پیسے اضافے استدعا کی گئی ہے۔

کے الیکٹرک نے ستمبرکی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست کی ہے۔ کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ عالمی سطح پر ایل این جی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پڑا ہے۔

نیپرا حکام نے کہا کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے ایک ارب سولہ کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ گیس کے کم پریشر کی وجہ سے اٹھانوے کروڑ نوے لاکھ روپے کا بوجھ پڑ۔چئرمین نیپرا  توصیف فاروقی نے سوال کیا کہ کیا سوئی سدرن کمپنی سے گیس کی خرید وفروخت کا معاہدہ ہوگیا ہے؟

کے الیکٹرک حکام نے بتایا کہ سوئی سدرن کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے اور معاہدے کے حوالے سے بات چیت کی ہے سوئی سدرن نے کہاکہ وزارت توانائی سے احکامات کے بعد کے الیکڑک سے میٹنگ کریں گے۔ایک صارف نے کہا کہ کے الیکٹرک نے بجلی پیداوار کے غلط اعداد وشمار دے کر قوم اور نیپرا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

چیئرمین نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداوا، کس پاورپلانٹ سے کتنی بجلی پیدا ہوئی، لاگت اورفروخت کے حوالے سے تمام تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر ڈالے۔ کے الیکٹرک سے تمام تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

نیپرا نے کہا کے الیکٹرک نے اپنے ذرائع سے 47 فیصداورسی پی پی اے سے تریپن فیصد بجلی لی ہے۔ ایک بات کھل کر آئی ہے کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو سستی بجلی فراہم کر رہی ہے۔نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے اوراتھارٹی تفصیلات کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔