شفاف اور، بروقت ا نتخابات سے ہی امن و استحکام آئے گا۔لیاقت بلوچ

لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور امیدوار این اے123 لیاقت بلوچ  اور پی پی 157سے جماعت اسلامی کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی محمد عرفان مغل نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی خوشحالی کے لئے قرآن و سنت کا نظام نافذ کریں گے، نوجوانوں کو روزگار ملے گا، سود کا خاتمہ کر کے معیشت کو اسلامی خطوط پر استوار کریں گے، احتساب اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا، جماعت اسلامی قانون کی بالادستی قائم کرے گی۔ ملک میں امن و استحکام شفاف اور بروقت الیکشن سے ہی آئے گا۔ جماعت اسلامی 8 فروری کو پورے ملک میں صاف شفاف انتخابات چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کو ٹکٹس جاری کیے ہیں، قوم ترازو کے نشان پر ووٹ دے کر ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھیں انھوں نے کہا کہ عوام کے پاس بہترین موقع ہے کہ 8فروری کو جماعت اسلامی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کر کے ملک میںا سٹیٹس کو کے خاتمے کی بنیاد رکھے۔

ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے پی پی 157ڈیفنس میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے ڈاکٹر محمود احمد،عمر حیات باجوہ، دلدار میو، ذکی الدین شیخ، نعیم بیگ اور قاری حمیدنے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ 76برس سے ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ نے عوام کو تکلیفوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔سابق حکمران پارٹیاں عوام کے بجائے ذاتی مفادات کے لیے کام کرتی رہی، ملک پر قرضوں کا ہمالیہ لاد دیا گیا، اداروں کو کمزور، معیشت کو تباہ کیا گیا۔ حکمران ٹولے نے وسائل کو عوام کی بجائے اپنی ذات پر خرچ کیا، ان کی فیکٹریوں اور جائداد میں اضافہ ہوتا رہاجبکہ عام شخص کے لیے 2 وقت کی روٹی کمانا بھی ناممکن ہو گیا،

آج غربت کی وجہ سے پونے 3 کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، لوگوں میں سکت نہیں کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھ سکیں، اسپتالوں میں غریبوں کے لیے علاج نہیں، 80فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں.۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی تو عوام کے بنیادی مسائل گھر کی دہلیز پر حل ہوں گے۔  دریں اثنا اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہگلگت کے لیے پروازوں کی منسوخی کو دوماہ سے زائد گزر چکے،علاقہ کا ملک کے دوسرے حصوں سے رابطہ منقطع ہے، پروازوں کی منسوخی سے عوام شدید متاثر ہیں،برف باری کی وجہ سے مریضوں کو منتقل کرنا ناممکن ہو گیا،گلگت بلتستان کے لیے فضائی سروس فی الفور بحال کی جائے۔