پنجاب بھر میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں،7دہشت گرد گرفتار

لاہور (صباح نیوز)کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں لاہور، قصور، سرگودھا، بہاولپور اور بہاولنگر میں کی گئیں ، لاہور سے تحریک طالبان پاکستان کے تین اہم کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود، ایک آئی ای ڈی بم، دو سیفٹی فیوز، پرائما کارڈ اور نقدی برآمد ہوئی۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت خان زمان، شاہ محمد اور عابد کے نام سے ہوئی ہے۔اس کے علاوہ دہشت گرد خالد محمود، عظیم، احمد شاہ اور نور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔