سینیٹ میں انتخابات کے التوا کی قرارداد ملک و ملت سے دشمنی کے مترادف ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)قائم مقام امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سینیٹ میں انتخابات کے التوا کی قرارداد آئین، جمہوریت اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی اور ملک و ملت سے دشمنی کے مترادف ہے،سپریم کوٹ نے ہائی کورٹس کے ذریعے ابہام پر مبنی فیصلوں کو کنٹرول کرلیا، اب جمہوریت دشمنوں نے سینیٹ کو آلہ کار بنایا ہے ۔

لیاقت بلوچ نے این اے 123 میں ڈی ایم اے، بیدیاں روڈ، سوڑا، کرباٹھ، موتا سنگھ، پنجاب سمال انڈسٹریز، سنٹرل پارک، ڈیرہ ماسٹر قاسم، حاجی مردان انٹیریئر اور الفلاح ٹاؤن میں عوامی کارنر میٹنگز اور جماعتِ اسلامی میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے 14 ارکان کی قرارداد آئین پر بالادست نہیں ہوسکتی ،انتخابات کے محاذ پر بے یقینی قائم رکھ کر سماجی، معاشرتی اور جمہوری اقدار کو مزید تباہی سے دوچار کیا جارہا ہے ،الیکشن کمیشن کسی دباؤ میں نہ آئے اور سپریم کورٹ، آئین اور 25 کروڑ عوام کے جمہوری حق کی حفاظت کے لئے اپنا آئینی کردار ادا کرے ،سینیٹ نے انتخابات التوا سے متعلق قرارداد موو کرنے کی اجازت دے کر اپنا وقار خاک میں ملادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سیاست اور لاہور کے سیاسی کردار کو سول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ، پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی نے مل کر تباہ کیا ہے ،پنجاب نے قومی وحدت، بھائی چارے اور تمام صوبوں کے لیے ہمیشہ محبت کا راستہ اختیار کیا لیکن حکمران مقتدر طبقوں نے پنجاب کو بدنامی اور رسوائی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی نے 2024 انتخابات میں پنجاب کی 237 قومی اور 250 صوبائی حلقوں میں اپنے امیدواران کو انتخابی میدان میں اتارا ہے،بھرپور انتخابی مہم اور عوام کا رجوع نئے مستقبل کا پیغام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو خودمختاری، انتظامی، مالیاتی اور ترقیاتی وژن کے ساتھ بحال کریں گے، اقتصادی بحرانوں اور عوام پر مسلط مہنگائی، پیداواری لاگت میں ناقابل برداشت اضافہ واپس اور ہر قسم کی کرپشن کا خاتمہ کریں گے،سودی معیشت کا خاتمہ ہوگا، خودانحصاری، اپنے وسائل، اپنی افرادی قوت کے ساتھ ہنرمندوں، سرمایہ کاروں، تاجروں، صنعت کاروں اور بیرون ملک پاکستانیوں کے تعاون اور اعتماد سے ملک و ملت کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے ،کشکول کلچر کا خاتمہ ہوگا ۔قائم مقام امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ جماعتِ اسلامی پارلیمنٹ کی بالادستی، آئین و قانون کی حکمرانی قائم کرکے موروثی، بے ہودہ اور جاگیردارانہ طرزِ سیاست کا خاتمہ کرے گی ۔لیاقت بلوچ نے این ایل ایف پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی کو ایل ڈی اے لاہور میں ریفرنڈم جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے ورکشاپ میں بھی انشااللہ پریم یونین ہی جیتے گی۔