جماعت اسلامی کے پاس روشن مستقبل کا نقشہ ہے۔ فرید احمد پراچہ

کراچی(صباح نیوز)نتخابی تیاری کے سلسلے میں جے آئی یوتھ ویمن پاکستان کا دو روزہ مرکزی اجلاس آمنہ عثمان صدر جے آئی یوتھ ویمن پاکستان کے زیر صدارت منعقد ہوا۔

نشست کے پہلے روز نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس روشن مستقبل کا نقشہ ہے۔الیکشن مہم کے دوران عوام خصوصا نوجوانوں تک یہ بات پہنچائیں کہ صرف جماعت اسلامی ہی ایسی جماعت ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ ہمارے پاس ایسی  دیانت دار اور صالح قیادت موجود ہے جو وطن عزیز کو ہرقسم کے بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبات کے لیے علیحدہ یونیورسٹیوں کا قیام،ان کو فنی تعلیم و کاروبار کے لیے بلا سود قرضے فراہم کرنا، خواتین کی صحت ، مفت اور فوری انصاف کی فراہمی اور وراثت میں ان کا حصہ جماعت اسلامی کے منشور کے اہم نکات ہیں۔

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے جے آئی یوتھ اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہماری تحریک کا ہراول دستہ ہیں۔یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان میں 70 فیصد سے زائد نوجوان ہیں یہ پاکستان کے معمار اور ہمارا مستقبل ہیں۔ہمیں ان نوجوانوں کو نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ کا مقصد نوجوانوں کو زندگی کے مقاصد کا شعور دینا اور انہیں معاشرے کی اصلاح کے لیے تیار کرنا ہے۔سابقہ سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے شعبہ جات و تنظیم کے درمیان ہم آہنگی اور تنظیمی اجتماعات کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی عطیہ نثار نے گفتگو کرتے ہوئے اسلام کی انقلابی جدوجہد میں نوجوانوں کے کردار کو تاریخی تناظر میں واضح کیا۔

بعد ازاں صدر جے آئی یوتھ سندھ عظمی عمران، صدر وسطی پنجاب زر افشاں فرحین، صدر بلوچستان صائمہ جمالی، صدر جنوبی پنجاب لالہ رخ، صدر شمالی پنجاب رخسانہ جبیں اور صدر خیبر پختونخوا ناہید یونس نے صوبہ جات میں جے آئی یوتھ ویمن کے کام کی صورتحال، مواقع اور مسائل پر مبنی جائزہ پیش کیا#